خیبر پختونخوا میں مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت ختم، ای اسٹامپ نظام مکمل طور پر نافذ

پشاور (ویب ڈیسک)
خیبر پختونخوا حکومت نے مالی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب جائیداد اور دیگر قانونی امور کے لیے صرف ای اسٹامپ جاری کیے جائیں گے۔

محکمہ ریونیو اینڈ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے اس فیصلے کے حوالے سے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تمام ضلعی خزانہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر استعمال شدہ مینول اسٹامپ پیپر کی فروخت فوری طور پر بند کر دی جائے۔

ای اسٹامپ نظام کیوں متعارف کرایا گیا؟

حکام کے مطابق ای اسٹامپ سسٹم کا بنیادی مقصد روایتی مینول اسٹامپ نظام میں پائی جانے والی مالی بے ضابطگیوں، جعلی اسٹامپ پیپر اور ریکارڈ میں ہیر پھیر جیسے مسائل کا خاتمہ کرنا ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے ہر لین دین کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کیا جاتا ہے۔

ای اسٹامپ کب سے جاری ہیں؟

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں 2022 سے ای اسٹامپ کا اجرا کیا جا رہا ہے، جو صوبے کے سرکاری بینک بینک آف خیبر کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اب حکومت نے اس نظام کو مکمل طور پر نافذ کرتے ہوئے مینول اسٹامپ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عوام کے لیے فائدہ

ای اسٹامپ سسٹم کے نفاذ سے شہریوں کو شفاف، محفوظ اور تیز تر قانونی سہولتیں میسر آئیں گی، جبکہ سرکاری ریونیو میں بھی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

Lascia un commento