ریاض (ویب ڈیسک)
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی پر پابندی عائد کر دی ہے اور تمام عمرہ و حج سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ اپنے فرائض کو صرف انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک عظیم دینی امانت سمجھ کر ادا کریں۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق دنیا بھر سے مقدس مقامات کی زیارت کے لیے آنے والے مسلمان اپنے وسائل اور وقت کی قربانی دیتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ حجاج و معتمرین کی خدمت اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے مترادف ہے اور اس میں غفلت دنیا و آخرت دونوں میں جواب دہی کا سبب بن سکتی ہے۔
پابندی کی وجوہات
سعودی وزارت نے بتایا کہ اس عمرہ کمپنی نے معتمرین کو وعدہ کی گئی خدمات اور سہولیات فراہم کرنے میں کوتاہی کی اور ان کے روحانی سفر میں خلل پیدا کیا۔ متعدد معتمرین مقدس سرزمین پر پہنچے لیکن ان کے لیے پہلے سے طے شدہ قیام اور انتظامات موجود نہیں تھے، جس پر فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
دیگر اقدامات اور یقین دہانی
وزارت نے اس عمرہ کمپنی کے بیرونِ ملک مقیم ایجنٹ کو بھی معطل کر دیا اور تمام عازمین کو یقین دلایا کہ مملکت اللہ کے مہمانوں کو بہترین سہولیات اور تحفظ فراہم کرنے کو اولین ترجیح دیتی رہے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات متاثرہ زائرین کے حقوق کے تحفظ، مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور عمرہ خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ وزارت نے زور دیا کہ عمرہ ایک عظیم روحانی سفر ہے، جس میں سکون، اطمینان اور سہولت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔